اسلام آباد: پاکستان اور عمان نے اپنے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عمان کے وزیر مواصلات سعید الموالی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست سمندری ٹرانسپورٹ کنکشن کے قیام پر غور کیا گیا۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور عمان کی مہارتوں سے مشترکہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
عمان کے وزیر مواصلات سعید الموالی نے کہا کہ عمان جلد پاکستان میں اعلیٰ سطحی وفد بھیجے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی اور سمندری روابط کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔
دونوں ممالک نے تجارتی اور اقتصادی مواقع بڑھانے کے لیے حکمت عملی طے کرنے پر بھی بات چیت کی اور پاکستان اور عمان کے دیرینہ تعلقات کو عملی تعاون میں بدلنے پر زور دیا۔
علاوہ ازیں اس ملاقات میں ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اور تجارت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



















