لاہور ڈینٹل کالج اور اسپتال کے فیکلٹی ممبران نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو ایک اہم خط ارسال کیا ہے، جس میں ادارے کی بدانتظامی کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔
خط میں فیکلٹی ممبران نے مستقل پرنسپل اور ایم ایس تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فیکلٹی ممبران کا کہنا ہے کہ مستقل ایم ایس نہ ہونے کی وجہ سے پنجاب کے سب سے بڑے ڈینٹل اسپتال میں انتظامی امور کی حالت خراب ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر نبیلہ ریاض کے پاس ڈینٹل کالج کے پرنسپل کا اضافی چارج ہے، جبکہ وہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اوورل سرجری ڈیپارٹمنٹ کی مستقل سربراہ بھی ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نبیلہ ریاض کے پاس اضافی چارج ہونے کی وجہ سے کالج کے انتظامی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس سے تدریسی اور انتظامی کاموں میں خلل پڑرہا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو بھیجے گئے اس خط پر 45 فیکلٹی ممبران کے دستخط ہیں، جو اس بات کا غماز ہیں کہ ادارے کی موجودہ صورتحال سے فیکلٹی ممبران کتنی مایوس ہیں۔



















