پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی سے پاکستان کو نقصان کے بھارتی دعوے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کرکٹ کو بدنام کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی خبر کو من گھڑت، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دیا۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق بھارتی میڈیا قیاس آرائیوں پر مبنی کہانیاں گھڑ رہا ہے، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس کو کم کرنے سے اس کہانی کو تراشا گیا ہے، چیمپئنز ٹرافی سے پی سی بی کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
پی سی بی حکام نے کہا کہ ہمیں 6 ملین ڈالرز میزبانی پر ملیں گے، اورگیٹ منی سے آمدنی کا فیصلہ کچھ ماہ میں آڈٹ کے بعد ہوگا، جب کہ ہوٹلوں کا کرایہ، جہازوں کے ٹکٹ، پرائز منی اور دیگر اخراجات آئی سی سی ادا کرے گا۔



















