Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا، جس میں صوبوں میں  کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار کو بڑھانے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ  لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے موثر سدباب کیلئے  صوبائی سطح پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طریقے سے فعال کیا جانا انتہائی ضروری ہے، اس ضمن میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر ایف آئی اے کے کاونٹر ٹیررازم ونگ کو بھر پور طریقے سے فعال کیا جائے گا۔

 اجلاس میں نیشنل اور پراونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹرز کے قیام پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی نیشنل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹرز کے قیام کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ تمام صوبوں میں بھی پراونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹرز کے قیام پر کام جاری ہے۔

محسن نقوی نے  یہ بھی کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تنظیم نو کے بعد اسے نیشنل ریزرو پولیس میں تبدیل کیا جارہاہے،  جبکہ اجلاس میں بہتر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے لئے دھماکہ خیز مواد کو وفاقی سبجیکٹ بنانے پر اتفاق کیاگیا۔

اجلاس میں وزارت خارجہ کے ذریعے افغان  حکومت کے سامنے دہشتگردی کے مسلے کو موثر طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید یہ بھی کہاکہ تمام ادارے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی کے ایس او پیز  پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیف کمشنر اسلام آباد، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان اور سیکورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت۔

اس علاوہ وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر  محمد علی سیف، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، وزیر داخلہ آزاد کشمیر اور وزیر داخلہ گلگت بلتستان بھی اجلاس میں شریک تھے، جبکہ تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریز داخلہ اور آئی جیز نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں