اسلام آباد؛ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کے سدباب کیلئے محسن نقوی نے نئی شرائط عائد کردی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا دورہ کیا، اس دوران محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط کے تمام قانونی امور جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نئی شرائط سے بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام ہو گی، جبکہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کیے جانے کی ہدایت پر 100 فیصد عملدرامد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ اس فیصلے سے بین الاقوامی برادری کو مثبت پیغام جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے نئی نصب شدہ 6 ایم آر پی اور 2 ای پاسپورٹ مشینوں کا معائنہ کیا، اور مشینوں کی تنصیب کیلئے پاکستان آئی جرمن ٹیم سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ نئی مشینوں سے پاسپورٹ آفس کی استعدادکار میں اضافہ ہوگا اور پاسپورٹ کا اجرا تیزی سے ممکن ہو گا۔
ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفننگ دی اور کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے جلد موبائیل ایپ لانچ کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ اور ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی شریک تھے۔



















