Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی فیکٹری میں آتشزدگی، ریسکیو آپریشن جاری

شہر قائد کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی کی اطلاع ملی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا۔ ریسکیو ٹیم میں 1 ایمبولینس اور 3 فائر بریگیڈ ٹرک شامل تھے۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے، ترجمان کے مطابق، آپریشن میں 4 فائر ٹینڈرز اور 2 واٹر باؤزر شامل ہیں۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے کامیابی سے آگ کو پھیلنے سے روک دیا ہے، اور کچھ دیر میں متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

آگ لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے ایک گودام میں لگی تھی، جہاں مختلف اقسام کا سامان موجود تھا، خوش قسمتی سے، اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

فائر بریگیڈ کی ٹیموں، پولیس، اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی انتظامیہ کے اہلکار متاثرہ مقام پر موجود ہیں۔ ترجمان نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں آگ لگی وہ مینوفیکچرنگ یونٹ نہیں تھا، بلکہ گودام تھا۔

آگ بجھانے کے آپریشن میں واٹر کارپوریشن کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے پانی کی فراہمی کے لیے مدد طلب کی تھی، جس پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی۔

واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر واٹر ٹینکرز روانہ کر دیے ہیں۔

انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور ایم ڈی برائے ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے، اور واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔

ریسکیو ترجمان نے کہا کہ آگ پر قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رکھی جائے گی تاکہ آپریشن میں کوئی خلل نہ آئے۔

متعلقہ خبریں