Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریکوڈک منصوبہ: مقامی فلاحی کام سرمایہ کاری کا حصہ ہیں، سی ای او بیرک گولڈ

سی ای او بیرک گولڈ مارک برسٹو کا کہنا ہے کہ ریکوڈک منصوبے میں مقامی فلاحی کام بھی سرمایہ کاری کا حصہ ہیں۔

سی ای او بیرک گولڈ مارک برسٹو نے کہا ہے کہ ہم نے نوکنڈی میں ایک اسپتال اور کلینک قائم کیا ہے جب کہ چھوٹے دیہاتوں کے لیے موبائل کلینک کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ حاملہ خواتین کو زچگی سے قبل اور بعد میں ڈاکٹرز تک رسائی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے تمام افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا ہے جب کہ ایک پرائمری اسکول بھی کامیابی سے چل رہا ہے جس میں 403 طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق ریکوڈک کے آس پاس کے دیہاتوں سے ہے۔

مارک برسٹو نے بتایا کہ ہم ان اقدامات کو سی ایس آر نہیں بلکہ ایک باقاعدہ سرمایہ کاری کے طور پر دیکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی مرحلے میں رہائش کے لیے 10 ہزار افراد کی گنجائش کا کیمپ بنایا جارہا ہے جب کہ فی الحال ریکوڈک سائیڈ پر ایک ہزار افراد کے لیے رہائش دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوائی اڈہ اور رن وے مکمل کرلیا گیا ہے اور پہلا منصوبہ رہائشی تعمیرات کا ہے۔

مارک برسٹو کے مطابق ریکوڈک میں 50 فیصد حصہ بیرک گولڈ اور 50 فیصد پاکستان کا ہے۔ بلوچستان کا حصہ 15 فیصد اور وفاقی سرکاری اداروں کا مجموعی حصہ 35 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے آخر میں فزیبیلیٹی اسٹڈی مکمل کی گئی اور اب ہم فنانشل اداروں سے فنڈنگ کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہے ہیں۔

سی ای او بیرک گولڈ نے مزید بتایا کہ ریکوڈک منصوبے کے بڑے حصے کو مالیاتی ادارے فنڈ کریں گے جن میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی، جاپان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں