اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جولائی 2024 تا مارچ 2025 تک ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات اس وقت 13.613 بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارچ 2025 میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں گزشتہ ماہ کے مقابلے 6.27 فیصد اضافہ پاکستانی معیشت کی ترقی اور حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا مظہر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ برآمدات میں بتدریج اضافہ اور دیگر مثبت معاشی اعشاریے حکومت پاکستان اور نجی شعبے کے تعاون اور انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوئے ہیں، ترقی کے سفر میں مزید تیزی کے لیے حکومتی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نجی شعبے کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ ملکی برآمدات میں مستقل اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔



















