اسلام آباد: ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس آفس 1 نے 315 ارب روپے کا سیلز ٹیکس فراڈ اسکینڈل بے نقاب کردیا۔
ایف بی آر کے مطابق آئرن اور اسٹیل سیکٹر میں 315 ارب روپے کا میگا سیلز ٹیکس فراڈ کا انکشاف ہوا ہے جب کہ ریجنل ٹیکس آفس 1 سیلز ٹیکس فراڈ اسکینڈل کو بے نقاب کیا ہے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ سیلز ٹیکس فراڈ پلاٹینم انٹرنیشنل اور کے ایچ سنز کے دو ماسٹر مائنڈ اویس اسماعیل اور فرہاد کررہے تھے۔ سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث معاونین اور ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں فرہاد کا بھائی شہزاد، کزن فیصل اور ایک اہم معاون معروف الرمان شامل ہیں جب کہ تمام ملزمان کو اسپیشل کورٹ کسٹمز، ٹیکسیشن اور اینٹی اسمگلنگ میں پیش کردیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے مزید بتایا کہ ماسٹر مائنڈ فرہاد کے کزن فیصل اور معاون معروف الرحمان کو جیل بھیج دیا گیا جب کہ بھائی شہزاد کو سات روزہ جسمانی رمانڈ پر آر ٹی او 1 ٹیم کے حوالے کیا گیا ہے۔
چیف کمشنر آر ٹی او 1 ڈاکٹر فہیم محمد کے مطابق مزید تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں اور مزید ملزمان کی گرفتاری متوقع ہے۔



















