کراچی: ڈیجیٹل کریئیٹر اور اینکر سجل ملک نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکار اور میزبان عمران اشرف ان کے قریبی رشتہ دار ہیں جب کہ انہوں نے متنازعہ ویڈیو کے معاملے پر خاموشی اختیار کی ہے۔
سجل ملک نے کہا کہ عمران اشرف ان کی والدہ کے کزن ہیں اور خاندانی تقریبات میں اکثر شریک ہوتے ہیں تاہم ان کی ذاتی طور پر کبھی براہِ راست ملاقات نہیں ہوئی۔
سجل ملک نے واضح کیا کہ انہیں اس رشتے پر فخر ہے لیکن انہوں نے کبھی اپنے کیریئر میں اس تعلق کا فائدہ نہیں اٹھایا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک بار انسٹاگرام کے ذریعے عمران اشرف سے رابطہ کیا تھا اور والدہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے رہنمائی کی درخواست کی تھی تاہم بعد ازاں ان کا اکاؤنٹ ضائع ہوگیا اور رابطہ منقطع ہوگیا۔
سجل ملک نے مزید کہا کہ ان کا ابتدائی رجحان اداکاری کی طرف تھا لیکن اینکرنگ کا سفر ان کے لیے ایک اتفاقیہ آغاز ثابت ہوا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سجل ملک ایک مبینہ نازیبا ویڈیو کے باعث سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئی تھیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کی ساکھ متاثر ہوئی اور انہیں سخت ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران اشرف کی بیٹے کے ہمراہ روضہ رسولﷺ پر حاضری
تاہم کئی سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو کو جعلی قرار دیا ہے جب کہ سجل ملک نے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
سوشل میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے سائبر حملے نہ صرف کسی کی نجی زندگی پر حملہ ہیں بلکہ قانونی اور اخلاقی حدود کی بھی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
سجل ملک کے حامیوں نے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے معاملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔














