سندھ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے 15 جون سے سندھ بھر میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، محکمہ ماحولیات نے پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے بچائو کے لیے اور ساحلی ترقی کو ممکن بنانے کے لیے ہر قسم کے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پابندی کا اطلاق نان ڈیگریڈیبل، اوکسو ڈیگریڈیبل، بلیک اور ری سائیکلڈپلاسٹک بیگز پر بھی ہوگا۔
قبل ازیں سندھ حکومت نے2019 میں شاپنگ بیگز پر جزوی پابندی عائد کی تھی، لیکن اب سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014 میں ترمیم کے تحت مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ پلاسٹک بیگز ماحولیاتی تباہی کی بنیاد ہیں، صرف ماحول دوست بیگز کی اجازت ہوگی، احکامات پر عملدرآمد کے لیے زیرو ٹالرنس اپنائیں گے۔
شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے سیکریٹری ماحولیات نے خبردار کیا کہ صرف اعلان نہیں ہوگا، بلکہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائےگا اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی۔



















