وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قوم سے اہم خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات جارحیت کر کے ایک فاش غلطی کی، جس کا خمیازہ اُسے بھگتنا پڑے گا۔
وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو صرف چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت یہ سمجھ رہا تھا کہ پاکستان پیچھے ہٹ جائے گا، مگر اُسے یہ اندازہ نہیں تھا کہ ہم وطن کی حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، جن طیاروں پر بھارت کو غرور تھا، وہ اب راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ بھارتی بزدلانہ حملوں کے نتیجے میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ اُنہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ہم اپنے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر کیا گیا بھارتی حملہ مکمل طور پر بے بنیاد اور بلاجواز تھا، دشمن نہتے شہریوں پر وار کر کے خود کو طاقتور سمجھتا ہے، مگر ہمارے بہادر پائلٹس نے دشمن کے طیاروں کے پرخچے اُڑا دیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے اپنی فضائی حدود کے اندر رہتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنایا، اور گزشتہ شب کے معرکے نے پاکستان کی برتری اور پیشہ ورانہ صلاحیت دنیا پر واضح کر دی ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ہر افسر اور ہر سپاہی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج اور قوم ایک جان اور دو قالب ہیں۔
وزیراعظم نے عالمی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نکالے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو اپنی افواج پر فخر ہے، ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ معرکہ دشمن کو ہمیشہ یاد رہے گا، اور پاکستان ہر محاذ پر اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔



















