لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کے یومِ تشکر منانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا، آج کا دن صرف شکرگزاری کا نہیں بلکہ غیرت، جرأت، اور قومی وحدت کی فتح کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج بہادر، پروفیشنل اور باصلاحیت ادارہ ہے، افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب صرف گولی سے نہیں، حکمت سے دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شاہینوں نے دشمن کے طیارے گرا کر دنیا کو پیغام دیا پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، دنیا نے جان لیا پاکستان اپنے دفاع میں ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جوانوں کو سلیوٹ جنہوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بتایا پاکستان پر امن ہے کمزور یا بزدل نہیں، پاکستان کی قیادت مخلص ہے، قوم متحد اور افواج ناقابلِ شکست ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، ٹیکنالوجی سے ایمپاور کریں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے جسے کوئی دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کا تصور نہ کر پائے گا۔



















