بلوچستان کے علاقے خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویر چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صمند لیویز چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر معمور لیویز اہلکاروں پر پہاڑی علاقے سے مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کافی دیر تک ہوتی رہی تاہم پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ملزمان فرار ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہو گئے، علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور میتیں ٹیچنگ اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں۔



















