اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پانی پر جارحیت کی کوشش کے سنگین نتائج ہوں گے، بھارت ہوش کے ناخن لے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب نیوز کو دیے گئے اپنے ایک اہم انٹرویو میں کہا کہ حکومت پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر اُس نے آبی جارحیت کی کوشش کی، تو اس کے سنگین اور دور رس نتائج ہوں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو دنیا اس کے نتائج دیکھے گی، ہم آبی جارحیت کے خلاف برسوں اور دہائیوں تک مزاحمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہوش مند ملک یا شخص 24 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کے پانی کو روکنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
جنگ بندی، ردعمل اور تحمل
ڈی جی آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کا قیام ممکن ہے، بشرطیکہ دونوں جانب سے رابطے اور سنجیدگی برقرار رکھی جائے، اگر بھارت کی طرف سے خلاف ورزی ہوتی ہے، تو پاکستان مؤثر لیکن محدود ردعمل دیتا ہے، جو صرف ان پوسٹوں اور مقامات تک محدود ہوتا ہے جہاں سے خلاف ورزی کی گئی ہو۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ہم کبھی بھی عام شہریوں یا سویلین انفرااسٹرکچر کو نشانہ نہیں بناتے۔
بھارتی طیارے تباہ کرنے کی تصدیق
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے تھے، جن میں سے چھٹا طیارہ “میراج 2000” تھا، جس کی بعدازاں تصدیق کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے صرف بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا اور اگر چاہتے تو مزید طیارے بھی تباہ کر سکتے تھے، مگر ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
کشمیر پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دینے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جب تک بھارت مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ مذاکرات کے لیے نہیں بیٹھتا، خطے میں تصادم کا خطرہ برقرار رہے گا۔”
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ افواج پاکستان حکومت کی ہدایات اور پالیسیوں پر مکمل سنجیدگی کے ساتھ عمل کرتی ہیں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔



















