Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ 3 دہشت ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی نام نہاد بی ایل ایف کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 کارروائیاں کیں جس دوران بھارتی پراکسی نام نہاد بی ایل ایف کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے آوران کے علاقے گشکور میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

یہ بھی پڑھیں: خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویر چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گشکور میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور کارروائی کے دوران بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد یونس مارا گیا جب کہ 2 دہشت گرد زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تربت میں ایک اور آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے کامیابی کے ساتھ 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ مارے جانے والوں میں دہشت گرد سرغنہ صابر اللہ اور دہشت گرد امجد بیچو شامل ہیں جب کہ مارے گئے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں 8 خوارج جہنم واصل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی پراکسیز کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں