آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو وفاقی حکومت نے کابینہ کے فیصلے کے بعد فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دیدی۔
وفاقی حکومت نے یہ ترقی معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی حکمت عملی اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شکست فاش دینے پر دی ہے۔یہ فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کی تجویز پر, صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری سے ہُوا۔
یہاں یہ پہلو اہم ہے کہ فوج میں فیلڈ مارشل کا عہدہ کب اور کیوں دیا جاتا ہے ۔۔؟فیلڈ مارشل آرمی میں اعلیٰ ترین رینک ہے جو اس جنرل کو دیا جاتا ہے جس نے ملک کیلئے غیر معمولی خدمات سر انجام دی ہوں۔
کوئی غیر معمولی کام کیا ہو جیسے دشمن کے ساتھ جنگ میں فتح ۔فیڈل مارشل کو 5 سٹار جنرل بھی کہا جاتا ہے فیلڈ مارشل کا عہدہ ایک اعلیٰ ترین اعزازی عہدہ ہے جس کی کوئی اضافی مراعات نہیں ہوتی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قبل یہ اعزاز صرف فیلڈ مارشل ایوب خان کو حاصل ہے۔
اس عہدے پر تعیناتی کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہےکہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیرکا کہنا ہےکہ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ صدرپاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں، یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ اعزاز نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو انہوں نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پیش کیا اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا بلکہ وفاقی حکومت اور عوام کی محبت اور اعتماد کا مظہر بھی ہے۔



















