Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مودی کا نفرت انگیز بیان؛ عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیز لفاظی کا نوٹس لے، پاکستان

پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے گجرات میں انتخابی ریلی کے دوران خطاب پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیز لفاظی کا نوٹس لے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق یہ خطاب تھیٹر میں پھکڑ پن پر مبنی تھا، کسی  نیوکلیئر ملک کے سنجیدہ وزیر اعظم جیسا نہیں تھا، مودی کی جانب سے منافرت کی بنیاد پر تشدد کی دعا نہ صرف اپنے موقف بلکہ ماضی کی مثالوں کے باعث پریشان کن ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان انڈین اسٹیٹ کرافٹ میں سنجیدگی اور پختگی میں مسلسل کمی کو قابل مذمت گردانتا ہے، ایسے بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اقوام متحدہ کا چارٹر تنازعات کے پر امن حل اور ریاستوں کی خود مختاری یا سیایس آزادی میں رکاوٹ ڈالنے سے روکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مودی کا بھارت: نفرت، تعصب اور ظلم کا گڑھ، دانشوروں نے ڈفر زون قرار دے دیا

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ان ریمارکس کو بلاجواز اشتعال انگیزی، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوشش سمجھتا ہے، اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کا قائدانہ کردار اور عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار مخالفانہ ساؤنڈ بائٹس سے کہیں زیادہ ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ  نے کہا کہ انتہا پسندی واقعی بھارت کے لیے کوئی مسئلہ ہے تو اسے اپنے ہاں پائی جانے والی انتہا پسندی پر توجہ دینا چاہیے، بھارت میں اس وقت اکثریت پسندی، مذہبی عدم برداشت، اور ظالمانہ ہندوتوا کے تحت اقلیتوں کی سوچی سمجھی حق تلفی انتہائی تشویشناک ہے، پاکستان باہمی احترام اور خودمختار برابری کی بنیاد پر امن کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی کو لاحق خطرہ کا اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت مضبوط اور  متناسب اقدامات سے جواب دے گا، عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیز لفاظی کا نوٹس لے، بھارت کا رویہ علاقائی سلامتی مستقل امن کے امکانات کے کئے خطرہ ہے

متعلقہ خبریں