Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ بھارتی اسپانسرڈ 5 خارجی دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم ’’فتنہ الخوارج‘‘ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 اور 16 جون کو پشاور میں بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشت گردوں کی اطلاع پر پہلا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے موثر حکمتِ عملی سے علاقے کو گھیرے میں لیا جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس مقابلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جن میں خارجی حارث اور خارجی بصیر کی شناخت کی گئی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ اسی سلسلے میں دوسرا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا۔ وہاں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک اور دہشت گرد ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ دونوں کارروائیوں کے دوران بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دشمن کے پراکسی نیٹ ورک کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گی اور وطنِ عزیز سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں