صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 30 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کرنا خوش آئند ہے، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
آصف علی زرداری نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی، افغانستان کا کردار اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اقوام متحدہ کی رپورٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد جماعت فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان، افغانستان بارڈر کے دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔
وزیراعظم نے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 30 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے پاکستان کی بہادر افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہاکہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔



















