پشاور: خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں تمام سیاسی جماعتیں سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے کے لیے سرگرم ہو چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبائی سطح پر تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی متفقہ حکمت عملی اپنانے پر آمادگی ظاہر کر چکی ہیں جبکہ صوبائی حکومت بھی اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔
اگر تمام جماعتیں بلامقابلہ انتخاب پر متفق ہو جاتی ہیں تو امکان ہے کہ صوبائی حکومت کے چھ (6) اور اپوزیشن کے پانچ (5) سینیٹرز بغیر کسی مقابلے کے منتخب ہو سکتے ہیں، تاہم اگر انتخابات کا انعقاد ہوا تو صورتحال دونوں جانب کے لیے بدل سکتی ہے اور نشستوں کی تقسیم میں اتار چڑھاؤ ممکن ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنے اپنے امیدواروں کی مکمل کامیابی یقینی بنانے کے لیے بھرپور سیاسی حکمت عملی ترتیب دے رہی ہیں۔



















