مستقبل میں مل کر چلنے کاعزم،ایرانی صدر کادورہ مکمل، وطن روانہ ہوگئے۔ صدر زرداری سے ملاقات میں دفاعی اور تجارتی تعلقات کومزیدمضبوط بنانے پراتفاق کرلیاگیا۔
صدرمملکت آصف زرداری سے ایرانی صدرڈاکٹرمسعودپزشکیان نے ایوانِ صدرمیں ملاقات کی۔ صدرزرداری نے ایرانی ہم منصب کاایوان صدر میں پُرتپاک خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ دونوں ممالک نے وسیع اور باہمی فائدے کے حامل شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی اہمیت پرزور دیا ۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان اورایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب،ثقافت اورباہمی احترام پرمبنی ہیں۔
پاکستان اورایران خطے کے پُرامن اورخوشحال مستقبل کیلیے مل کرکام جاری رکھیں گے،انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی بھرپورمذمت کی۔
انہوں نے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا-
دونوں رہنماوں کاتنازعات کوبڑھنے سے روکنے اورامن واستحکام کیلیے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پرزوردیا۔
صدر آصف علی زرداری نے علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف کوسراہا۔
ایرانی صدر نے خطے میں تعاون کے لیے تہران کی مستقل حمایت پرشکریہ اداکیا۔
صدرزرداری نے خامنہ ای کاجموں کشمیرپربھارتی غیرقانونی قبضے کیخلاف مسلسل حمایت پرشکریہ ادا کیا ۔
بعدازاں ڈاکٹر مسعود پزشکیان دو روزہ دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ اور ریاض حسین پیرزادہ نے معزز مہمان کو رخصت کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے ایرانی صدر کو دورے کی تصویری البم بھی پیش کی۔



















