آٹے کی مصنوعی قلت کے بعد پنجاب کی مختلف ڈویژنز سے بڑے پیمانے پر گندم برآمد کر لی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دن ہو یا رات، ناجائز ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اور پنجاب کی 10 ڈویژن سے 2 لاکھ 5 ہزار 271 میٹرک ٹن گندم کی چیکنگ کی گئی ہے، 184 گوداموں کی چیکنگ کی گئی جس میں سے 88 گندم اسٹوریج گودام کو سیل کردیا گیا، جبکہ 75 ہزار 886 میٹرک ٹن گندم ضبط کر لی گئی ہے۔
ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق لاہور ڈویژن سے 31 ہزار 906، گوجرانولہ اور گجرات ڈویژن سے 9 ہزار 128 میٹرک ٹن گندم برآمد، جبکہ سرگودھا ڈویژن سے 1906 ، راولپنڈی 6 ہزار 498 اور ساہیوال سے 5 ہزار 147 میٹرک ٹن گندم ضبط کر کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، روٹی مزید مہنگی ہونے کا امکان
اسی طرح بہاولپور ڈویژن سے 1796، ڈی جی خان سے 4 ہزار 748 میٹرک ٹن گندم برآمد، جبکہ فیصل آباد ڈویژن سے 1618 اور ملتان ڈویژن سے 13 ہزار 139 میٹرک ٹن گندم ضبط کی گئی ہے۔
ترجمان پرائس کنٹرول کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ گندم کے آٹے کو متعلقہ اضلاع کی مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا، جبکہ فوڈ ڈائریکٹوریٹ ، ضلعی انتظامیہ اور پیرا کی جوائنٹ ایکشن ٹیمیں تمام اضلاع میں چھاپے مار رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کو محکمہ پرائس کنٹرول میں قائم خصوصی سیل سے مانیٹر کیا جارہا ہے، گندم کی قلت کا بہانہ بنا کر مصنوعی مہنگائی کرنیوالے عناصر بے نقاب کیے جارہے ہیں۔



















