جدہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اپنے ”پیارے بھائی“ سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور ان کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے علاقائی کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے صبر اور تحمل کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت کو پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی حالیہ کوششوں سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور تاریخی امن مذاکرات میں سہولت فراہم کی اور ملک خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
I had the pleasure and honour of meeting my dear brother, His Royal Highness Crown Prince Mohammed bin Salman, in Jeddah today.
During the course of which, I conveyed Pakistan’s unwavering solidarity with the Kingdom and expressed my deep appreciation of its patience and… pic.twitter.com/C6fIobxM58
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 15, 2026
انہوں نے پاکستان کی مخلصانہ امن کوششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق جدہ میں ہونے والی وزیراعظم کی یہ ملاقات تقریباً 2 گھنٹے جاری رہی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سعودی قیادت کا کردار نہ صرف اپنے ملک بلکہ تمام امن پسند اقوام کے لیے مثال ہے۔
ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کو سراہا جب کہ وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو قابلِ قدر قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے دورے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف قطر اور ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔














