Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان ریلوے نے تاریخ میں پہلی بار 100 ارب کما لیے، نیا ہدف 160 ارب روپے مقرر

پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات کی جارہی ہیں، حنیف عباسی

پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ سالانہ آمدن کا 100 ارب روپے کا ہدف عبور کرلیا ہے، جبکہ محکمہ ریلوے نے اب آمدن 160 ارب روپے تک پہنچانے کا نیا ہدف مقرر کرلیا ہے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی میں عوام ایکسپریس کی نئی بوگیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کے لیے 100 ارب روپے کی آمدن ایک بڑی کامیابی ہے اور اب اگلا ہدف 160 ارب روپے حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام ایکسپریس کی حالت پہلے ایسی تھی کہ اسے دیکھنے کا بھی دل نہیں چاہتا تھا، تاہم اب اس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ دیگر ٹرینوں کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ قراقرم اور ملت ایکسپریس میں بھی مسائل سامنے آئے تھے جنہیں دور کردیا گیا ہے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات کی جارہی ہیں اور دیگر سرکاری اداروں کی طرح ریلوے کو بھی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ کی جانب لے جایا جارہا ہے۔ ریلوے اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے، تاہم ملازمین کو علاج معالجے کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ محکمہ میں بہتری کا فائدہ ملازمین کے خاندانوں تک بھی پہنچ رہا ہے اور آج ریلوے کے مزدور کا بچہ بھی معیاری تعلیم حاصل کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ریلوے کے مختلف منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے برانچ لائنوں پر ٹرین سروس کی بحالی کے سوال پر انہوں نے رواں سال 4 اور آئندہ مالی سال مزید 4 برانچ روٹس فعال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

حنیف عباسی کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ اس حوالے سے معاہدے طے پاچکے ہیں، جبکہ سندھ حکومت بھی برانچ لائنوں کو فعال کرنا چاہے تو ریلوے اس کے لیے تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کو تیار ہے۔

متعلقہ خبریں