اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متعلقہ فریقین کے درمیان رابطوں اور مشاورت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ قطر کے سرکاری دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
آخر میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں پیشرفت کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطے باقاعدگی سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔



















