Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی پی ایل کھیلنے کی بھارتی خبروں کو محمد عامر نے غلط قرار دے دیا

فاسٹ باؤلر نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے اپنی رجسٹریشن کروائی ہے

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کی خبروں کو غلط قرار دے دیا۔

محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر سامنے آنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا میں یہ دعوے کیے جا رہے تھے کہ برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر آئی پی ایل میں شرکت کے اہل ہوسکتے ہیں اور لیگ میں کسی ٹیم کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔

ان قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب محمد عامر نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے اپنی رجسٹریشن کروائی۔

یاد رہے کہ سابق پاکستانی فاسٹ بولر نے رواں سال مئی میں برطانیہ کا پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔ تاہم آئی پی ایل میں ان کی ممکنہ شرکت سے متعلق خبروں پر اب خود کرکٹر نے وضاحت جاری کرتے ہوئے تمام افواہوں کی تردید کردی ہے۔

متعلقہ خبریں