Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رہائش بدلیں تو عمر بڑھنے کی رفتار بھی بدل جاتی ہے؟

انسانی جسم کی ساخت اور عمر بڑھنے کا عمل ایک پیچیدہ نظام ہے، محققین

ایک بڑی بین الاقوامی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ انسان کی عمر بڑھنے کی رفتار صرف جینز یا وراثت پر ہی نہیں بلکہ اس جگہ پر بھی منحصر ہوتی ہے جہاں وہ رہائش اختیار کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق انسانی جسم کی حیاتیاتی عمر، یعنی جسم کے خلیات اور اعضاء کی اصل حالت مختلف علاقوں میں رہنے والے افراد میں مختلف ہوسکتی ہے، چاہے ان کا خاندانی پس منظر ایک جیسا ہی کیوں نہ ہو۔

اس تحقیق میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 322 افراد کا تفصیلی تجزیہ کیا جن میں یورپ، مشرقی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے افراد شامل تھے۔

تحقیق میں خون، چربی، مدافعتی نظام، آنتوں کے جراثیم اور دیگر حیاتیاتی عناصر کا جائزہ لیا گیا تاکہ یہ سمجھا جاسکے کہ ماحول انسانی جسم پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اگرچہ وراثتی اثرات برقرار رہتے ہیں، یعنی ایک ہی نسل سے تعلق رکھنے والے افراد میں کچھ حیاتیاتی خصوصیات مشترک رہتی ہیں لیکن رہائش کی جگہ بھی جسم پر واضح اثر ڈالتی ہے۔

مثال کے طور پر جنوبی ایشیائی افراد میں مدافعتی نظام زیادہ متحرک پایا گیا جب کہ مشرقی ایشیائی افراد میں چربی کے نظام سے متعلق مختلف خصوصیات سامنے آئیں۔ یورپی افراد میں آنتوں کے جراثیم کی اقسام زیادہ متنوع دیکھی گئیں۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ بعض افراد میں جسمانی عمر بڑھنے کی رفتار مختلف علاقوں میں رہنے کے بعد تیز یا سست ہوگئی۔ خاص طور پر مشرقی ایشیائی افراد جو اپنے خطے سے باہر رہ رہے تھے ان میں عمر بڑھنے کی رفتار زیادہ دیکھی گئی۔

اسی طرح یورپی افراد میں بھی یہ فرق دیکھا گیا کہ ان کی حیاتیاتی عمر مختلف براعظموں میں رہنے کے باعث بدل سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ فرق صرف جغرافیہ کی وجہ سے نہیں بلکہ خوراک، آلودگی، صحت کی سہولیات، ذہنی دباؤ اور طرزِ زندگی جیسے عوامل سے بھی متاثر ہوتا ہے۔

تحقیق میں آنتوں کے جراثیم کو خاص طور پر اہم قرار دیا گیا کیونکہ یہ جسم میں چربی اور دیگر حیاتیاتی نظاموں پر اثر ڈال کر عمر بڑھنے کے عمل کو متاثر کرسکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے یہ واضح ہوتا ہے کہ انسانی صحت اور عمر بڑھنے کے عمل کو ایک ہی اصول سے نہیں سمجھا جاسکتا بلکہ ہر فرد کے لئے الگ طبی اور غذائی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

محققین کہتے ہیں کہ انسانی جسم کی ساخت اور عمر بڑھنے کا عمل ایک پیچیدہ نظام ہے جو وراثت اور ماحول دونوں کے امتزاج سے متاثر ہوتا ہے۔