Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ژوب میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، 40 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے

کوئٹہ: بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کوچ کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ دانہ سر کے قریب پیش آنے والے حادثے کے باعث متعدد مسافر جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سے بھی امدادی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے کی دشوار گزار جغرافیائی صورتحال کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی
سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان 

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی صوبائی حکومت نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ دونوں صوبوں کی ضلعی انتظامیہ، ایف سی، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامی افسران کو حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کی جائے۔

سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

 صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مذمت 

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ژوب۔شیرانی شاہراہ پر مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔

آصف علی زرداری نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا بھی اظہار کیا اور  متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

متعلقہ خبریں