Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری ملازمین کے لیے وزیراعظم پیکج میں بڑا اضافہ، شہداء کے ورثا کو کروڑوں کے فوائد

سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہونے والے ملازمین کے ورثا کو مکان کی خریداری کے لیے بھی امدادی پیکج دیا جائے گا

دورانِ سروس وفات پانے والے اور سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے سرکاری افسران و ملازمین کے لیے وزیراعظم امدادی پیکج پر نظرثانی کردی گئی ہے، جس کے تحت مختلف گریڈز کے لیے مالی امداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

نظرثانی شدہ پیکج کے مطابق دورانِ سروس وفات پانے والے گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کے ورثا کو 6 لاکھ روپے، گریڈ 5 سے 10 کے ملازمین کو 9 لاکھ، گریڈ 11 سے 15 کو 12 لاکھ، گریڈ 16 اور 17 کے افسران کو 15 لاکھ، گریڈ 18 اور 19 کے افسران کو 24 لاکھ جبکہ گریڈ 20 اور اس سے زائد کے افسران کے ورثا کو 30 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔

سیکیورٹی سے متعلق ڈیوٹی کے دوران وفات کی صورت میں گریڈ 1 سے 10 تک کے ملازمین کو ایک کروڑ روپے، گریڈ 11 سے 15 کو ایک کروڑ 25 لاکھ، گریڈ 16 اور 17 کے افسران کو ڈیڑھ کروڑ، گریڈ 18 اور 19 کو ایک کروڑ 80 لاکھ جبکہ گریڈ 20 اور اس سے زائد کے افسران کے ورثا کو 2 کروڑ روپے کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔

ڈیوٹی کے دوران حادثے میں موت واقع ہونے پر تین رکنی محکمانہ کمیٹی امدادی پیکج کی سفارش کرے گی۔ حادثاتی موت کی صورت میں گریڈ 1 سے 10 کے ملازمین کو 30 لاکھ، گریڈ 11 سے 15 کو 40 لاکھ، گریڈ 16 اور 17 کے افسران کو 45 لاکھ، گریڈ 18 اور 19 کو 50 لاکھ جبکہ گریڈ 20 اور اس سے زائد کے افسران کو 70 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مستقل معذور ہونے والے ملازمین اور افسران کو 30 لاکھ روپے کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔

شہداء کے ورثا کو مکمل تنخواہ اور الاؤنسز بھی ادا کیے جائیں گے جبکہ دورانِ ڈیوٹی وفات پانے والے یا سیکیورٹی ڈیوٹی میں جاں بحق ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کو سرکاری رہائش گاہ برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔

دورانِ سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے ملازمین کے بچوں کو ماسٹرز تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔

سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہونے والے ملازمین کے ورثا کو مکان کی خریداری کے لیے بھی امدادی پیکج دیا جائے گا۔

گریڈ 18 اور اس سے زائد کے شہید افسران کے اہل خانہ کو 1300 سی سی گاڑی جبکہ گریڈ 16 اور 17 کے شہداء کے اہل خانہ کو 1000 سی سی گاڑی یا اس کے مساوی رقم فراہم کی جائے گی۔

شہداء کے شریک حیات، بیٹے یا بیٹی کو گریڈ 1 سے 15 تک کی آسامی پر ملازمت بھی فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ دورانِ ڈیوٹی وفات پانے والے یا شہید ہونے والے ملازمین کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 8 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں