پاکستان کی معروف ناول نگار عمیرہ احمد نے اپنے مشہور ناول ’پیرِ کامل‘ کے مرکزی کردار سالار سکندر اور حالیہ ڈرامے ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر امان کے درمیان سوشل میڈیا پر ہونے والے موازنے پر اپنا ردعمل ظاہر کردیا۔
عمیرہ احمد کا تخلیق کردہ کردار سالار سکندر گزشتہ کئی برسوں سے قارئین میں بے حد مقبول ہے جبکہ ڈرامہ ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر امان کو بھی ناظرین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ دونوں کرداروں کی مقبولیت کے باعث سوشل میڈیا پر ان کا موازنہ کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے عمیرہ احمد نے واضح کیا کہ سالار سکندر جیسا کردار کوئی دوسرا نہیں ہوسکتا۔ اگر 100 ابوبکر بھی سامنے آجائیں تو وہ سالار سکندر کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
View this post on Instagram
انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ دونوں کرداروں کا موازنہ کرنے سے گریز کریں۔
مصنفہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ سالار سکندر کا کردار اس قدر غیر معمولی ہے کہ خود مصنفہ کو بھی اس کے دفاع میں سامنے آنا پڑا۔
ایک اور مداح نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے عمیرہ احمد خود بھی دوبارہ سالار سکندر جیسا مقبول کردار تخلیق نہ کرسکیں۔

















