Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تیسرے ٹیسٹ میں بھی شکست؛ پاکستان ٹیم پہلی بار انگلینڈ میں وائٹ واش کی شکار

بابر اعظم انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے والے پاکستان کے پہلے ٹیسٹ کپتان بن گئے۔

برمنگھم: انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ 8 وکٹوں سے جیت کر تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی جب کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ میں پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا شکار ہوگئی۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ برمنگھم میں کھیلا گیا جس میں بھی قومی ٹیم کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 

قومی ٹیم پہلی اننگز میں 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 453 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

بعد ازاں دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز کچھ بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے اور 449 رنز بناکر میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضا اللہ نے 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی جب کہ شان مسعود 95، کپتان بابر اعظم 76 اور اذان اویس نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

 

تاہم یہ کارکردگی بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی اور انگلینڈ نے ہدف کو باآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور جورڈن کوکس نے نصف سنچریاں اسکور کیں، جو روٹ نے 62 جب کہ جورڈن کوکس نے 59 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کے محمد عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ اس شکست کے ساتھ ہی بابر اعظم انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے والے پاکستان کے پہلے ٹیسٹ کپتان بن گئے ہیں۔