وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں سے عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ریلیف اسکیم کا اجرا کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اسکیم کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے، جبکہ عوام میں آگاہی کے لیے خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔
وزیراعظم نے اسکیم کے لیے رجسٹریشن سے متعلق معلومات کی فراہمی پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
















