Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

27 ستمبر احتجاج؛ کسی سیاسی جماعت کے پاس اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں، ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو ممکنہ احتجاج کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کو اسلام آباد کی سڑکیں، شاہراہیں یا دیگر عوامی مقامات بند کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بنچ نے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا جس میں کہا گیا کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا قانونی حق نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ مارچ، جلوس یا ریلی کے لیے سرکاری وسائل کے استعمال کی اجازت نہ دی جائے۔

عدالت نے وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ یقینی بنائیں کہ کسی سیاسی جماعت کے احتجاج میں سرکاری فنڈز، افسران، گاڑیاں، مشینری یا دیگر سرکاری سامان استعمال نہ ہو۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے یہ بھی قرار دیا کہ کسی سرکاری ملازم کو مارچ، جلوس یا ریلی میں شرکت پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ کو شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز پولیس کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔

عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو بھی ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے صوبوں کے چیف سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرلز کو فوری طور پر ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو احتجاج یا ریلی کے دوران درپیش مسائل کے ازالے کے لیے سہولت فراہم کی جا سکے۔

عدالت نے ان ہدایات کے ساتھ پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے ممکنہ احتجاج سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ خبریں