Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہانگ کانگ سکسز؛ دفاعی چیمپئن پاکستان کو پہلے میچ میں یو اے ای کے ہاتھوں شکست

مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کو اپنے پہلے ہی میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 13 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے اور ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے جبکہ عبدالصمد نے 15 گیندوں پر ناقابلِ شکست 39 رنز بنائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں خواجہ نافع 3 اور عرفان خان 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای نے کپتان خالد شاہ کی دھواں دار اننگز کی بدولت آخری گیند پر کامیابی حاصل کرلی۔ خالد شاہ نے صرف 20 گیندوں پر 71 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے فتح دلادی۔

دفاعی چیمپئن پاکستان اب ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گا۔

متعلقہ خبریں