Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سہ ملکی ون ڈے سیریز فائنل: پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی شوٹ میں حصہ لیا

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے  فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی شوٹ میں حصہ لیا، قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکا کی قیادت کوشل مینڈس کریں گے۔

پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دونوں جبکہ سری لنکا کے خلاف ایک میچ جیتا، گرین شرٹس کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔

آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

فائنل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ نے ہمیشہ ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے، امید ہے کل بڑی تعداد میں شائقین سٹیڈیم آکر ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ فائنل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُرامید ہیں۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس بھی فائنل جیتنے کیلئے پرعزم ہیں، انہوں نے کہا کہ فائنل ہمارے لیے ایک بڑا اور اہم میچ ہے، فائنل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، اس مقابلے کے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، پاکستان کے ساتھ گزشتہ میچ میں ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سری لنکا میں سب لوگ ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔

پاکستان میں ملی سپورٹ پر سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شائقین نے سری لنکن کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کیا۔

متعلقہ خبریں