کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
سندھ اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ حکومت پر سیاسی آمریت اور جمہوری روایات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں لاجیکل بات ہی نہیں ہورہی، پیپلز پارٹی والے اپنے لیڈر کی بات تک نہیں مانتے۔ سندھ حکومت اپنی کسٹمائز جمہوریت گھر لے جائے، سندھ کی عوام ایسی کسٹمائز جمہوریت مسترد کرتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں کہ سندھ میں سیاسی آمریت چل رہی ہے، اسمبلی سیشن میں تمام بزنس کو ایک طرف کرکے یکدم بل منظور کرلیا گیا۔
علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتیں اس بل کو مسترد کرتی ہیں، ایک طرف پیپلز پارٹی ہے اور دوسری طرف پوری عوام ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ کی توہین کی ہے، حکومت کے آمرانہ رویے پر ملک کے کرتا دھرتا صوبائی حکومت کے کان پکڑیں۔
علی خورشیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے منشور کی خلاف ورزی کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثریتی بنیاد پر کوئی بھی حکم صادر کردیا جاتا ہے اور کچھ بھی منوا لیا جاتا ہے، اکثریت کی بنیاد پر فیصلے مسلط کیے جارہے ہیں۔















