صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ کی زیر صدارت شاہ عالم مارکیٹ میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے صدور نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ تاجر رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تو وہ اسے مسترد کریں گے۔
صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ لاہور کی تمام مارکیٹوں میں پہلے ہی گاہک نہ ہونے کے باعث ’’سنسان لاک ڈاؤن‘‘ کی صورتحال ہے، مارکیٹوں میں گاہک دوربین سے بھی دکھائی نہیں دے رہے۔
مجاہد مقصود بٹ نے وفاقی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا ہوش کے ناخن لیے جائیں، تاجر طبقہ پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار نہ ہونے کے باعث تاجروں کے لیے آج دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے، ایسے حالات میں مزید پابندیاں کاروباری طبقے کو تباہی کی طرف لے جائیں گی۔
صدر انجمن تاجران نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے کسی قسم کا ’’کلہاڑا‘‘ نہ چلایا جائے، بصورت دیگر تاجر بھی مال روڈ پر بیٹھنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں میں پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں، اس لیے کسی بھی نئے لاک ڈاؤن یا کاروباری پابندی سے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

















