کراچی کے سفاری پارک میں ٹی بی کے مرض میں مبتلا افریقی ہتھنی مدھو بالا کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی کمزوری کے باعث گزشتہ روز ہتھنی گر گئی تاہم اب اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔
ذرائع سفاری پارک کے مطابق مدھو بالا کی طبیعت بگڑنے اور اچانک کمزوری کے باعث گرنے پر فوری طور پر ڈاکٹرز کو طلب کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے ہتھنی کا مکمل طبی معائنہ کیا اور اسے ادویات دینا شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹی بی کے مرض میں مبتلا مدھو بالا کافی کمزور ہوگئی ہے اور بیماری کے باعث گزشتہ روز کمزوری کی وجہ سے بیٹھ گئی تھی۔
ڈائریکٹر سفاری اینڈ زو اخلاق احمد کے مطابق مدھو بالا کی حالت اب بہتر ہے۔ ٹی بی کے مرض اور جاری علاج کے باعث ہتھنی کی ہڈیاں متاثر ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے اس کے گرنے کا حادثہ پیش آیا۔
اخلاق احمد کے مطابق سفاری پارک میں موجود دونوں ہتھنیاں ملکہ اور مدھو بالا ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہیں اور دونوں کی ٹریٹمنٹ جاری ہے۔
مدھو بالا کی طبیعت خراب ہونے کے بعد حفاظتی اقدام کے طور پر عملے سمیت کسی بھی فرد کو ہتھنیوں کے قریب جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی چڑیا گھر میں نور جہاں ہتھنی کی موت کے بعد تقریباً دو سال قبل مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا، جبکہ سفاری پارک میں دو سال قبل سونیا نامی ہتھنی بھی ہلاک ہوگئی تھی۔
کراچی میں گزشتہ چار سال کے دوران چار افریقی ہتھنیوں میں سے دو نایاب نسل کی ہتھنیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔
2009 میں افریقی نایاب نسل کی چار ہتھنیاں پاکستان لائی گئی تھیں، جن میں سے اب مدھو بالا اور ملکہ سفاری پارک میں موجود ہیں۔


















