پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے بعد پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی وزیراعظم کی ریلیف اسکیم پر عملدرآمد سے انکار کردیا.
پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ نے کہا کہ 100 روپے فی لیٹر حکومتی سبسڈی خوش آئند ہے تاہم اس کی ادائیگی کے طریقہ کار پر شدید تحفظات ہیں۔
نعمان علی بٹ کے مطابق حکومت نے ریلیف اسکیم شروع کرنے سے پہلے ڈیلرز سے کوئی مشاورت نہیں کی۔ نہ وزارت نے بتایا، نہ وزیراعظم ہاؤس اور نہ اوگرا نے ڈیلرز کو اعتماد میں لیا۔
پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما نے کہا کہ ڈیلرز کو بتائے بغیر ریلیف اسکیم پیٹرول پمپس پر زبردستی مسلط کی جارہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سبسڈی کی رقم ڈیلرز کو کس طریقے سے ملے گی، اس حوالے سے طریقہ کار واضح نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت ادائیگی کی گارنٹی دے تو ریلیف اسکیم پر غور کرسکتے ہیں۔ انہون نے سوال کیا کہ پیمنٹ کی کوئی گارنٹی نہیں تو ڈیلرز اسکیم کیسے چلائیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ریلیف اسکیم کا طریقہ کار ہی معلوم نہیں، پھر ڈیلرز سے اس پر عملدرآمد کیسے کرایا جارہا ہے؟، ڈیلرز کو اعتماد میں لیے بغیر اسکیم شروع کرنا ناقابلِ فہم ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلے ریلیف اسکیم کا طریقہ کار واضح کیا جائے اور ادائیگی کی ضمانت دی جائے، اس کے بعد اسکیم پر عملدرآمد کی بات کی جائے۔
نعمان علی بٹ نے مزید کہا کہ حکومت کی سبسڈی اپنی جگہ تاہم ڈیلرز کو ادائیگی کا نظام تاحال واضح نہیں ہے۔


















