Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نئے کرنسی نوٹوں کی منظوری، 10 روپے کا نوٹ ختم کرکے سکہ لانے کا فیصلہ

اجلاس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کی گئی

وفاقی کابینہ نے ملک میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن متعارف کرانے اور 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ جاری کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران روزمرہ انتظامی معاملات چلانے کے لیے وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کی تیاری کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں، جبکہ وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد ڈیزائنز کا جائزہ لیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کے لیے جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے اور بہتر معیار کا میٹریل استعمال ہوگا، جس سے ان کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے عرصے کے دوران انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض کردہ اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ گورنر خیبرپختونخوا ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔

وفاقی کابینہ نے امید ظاہر کی کہ گورنر کی سربراہی میں خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل صوبے میں امن و امان کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

اجلاس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دفاعی شعبے میں باہمی اشتراک کو فروغ دینا ہے۔ کویت اس معاہدے کی 19 جولائی کو توثیق کرچکا ہے۔

علاوہ ازیں کابینہ نے حکومتی ملکیتی اداروں سے متعلق کمیٹی کے 26 اکتوبر کے اجلاس اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے رواں سال 22 جنوری، 26 فروری، اگست اور ستمبر میں ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

متعلقہ خبریں