اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی مبینہ بندش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مالیت کے کرنسی نوٹ کو بند یا تبدیل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
مرکزی بینک کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کی تبدیلی کے لیے بھی کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی، اس لیے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گردش کرنے والی معلومات حقائق کے منافی ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز اس وقت وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے، تاہم کسی بھی مالیت کے موجودہ نوٹ کو بند کرنے یا تبدیل کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹوں سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ ہونے کی صورت میں عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اگر مستقبل میں کسی کرنسی نوٹ کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تو عوام کو موجودہ نوٹ تبدیل کرنے کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا، لہٰذا اس حوالے سے فوری طور پر کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں۔
اسٹیٹ بینک نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کرنسی نوٹوں سے متعلق معلومات اور اعلانات کے لیے صرف مرکزی بینک کی جانب سے جاری کی جانے والی سرکاری اطلاعات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔



















