امریکا کی ریاست آئیووا کے ایک خاندان نے ایک منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے دنیا کو حیران کردیا ہے اس خاندان کی پانچ نسلوں کے افراد کی سالگرہ ایک ہی دن یعنی 14ستمبر کو ہوتی ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی ہے کہ فریڈ ہارلو اور ان کا خاندان ایک ہی دن پیدا ہونے والی سب سے زیادہ نسلوں کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ فریڈ ہارلو 14 ستمبر کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کے ساتھ ان کے دادا ولبر، والدہ ایڈی، بیٹی ایما بیل اور نواسے آرتھر کی سالگرہ بھی اسی تاریخ کو آتی ہے۔
فریڈ ہارلو نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے ویسے ہی ایک تحفہ ہوتے ہیں، لیکن ان کے خاندان کے لیے یہ واقعی ایک منفرد تحفہ ہے۔ ان کے مطابق خاندان ہمیشہ اس اتفاق کو دلچسپ سمجھتا تھا، لیکن انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ عالمی ریکارڈ بھی بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی شخص نے دنیا کے معمر ترین دادا کا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا
ایما بیل نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی پیدائش کے بعد خاندان نے اس منفرد اتفاق کو باقاعدہ ریکارڈ کے طور پر درج کرانے کا فیصلہ کیا۔
ایما بیل کے مطابق انہیں پہلے معلوم ہوا تھا کہ خاندان کی چار نسلیں ایک ہی تاریخ کو پیدا ہونے کی وجہ سے ریکارڈ کے برابر آ سکتی ہیں، لیکن 14 ستمبر 2025 کو ان کے دوسرے بچے کی پیدائش نے خاندان کو نیا ریکارڈ قائم کرنے کا موقع فرہام کیا۔
ایما نے بتایا کہ ان کی دادی ہمیشہ کہتی تھیں کہ 14 ستمبر کو ایک بیٹا ضرور پیدا ہونا چاہیے ان کے پہلے بچے نے مقررہ تاریخ سے پہلے جنم لے لیا، اس لیے وہ چاہتی تھیں کہ اس بار بچہ 14 ستمبر کو ہی پیدا ہو۔ تاہم ان کی خواہش پوری ہوئی ان کا بیٹا آرتھر بالکل مقررہ وقت پر 14 ستمبر کو پیدا ہوا
ایما کا کہنا تھا کہ اگر ان کی دادی آج زندہ ہوتیں تو وہ اس ریکارڈ پر بہت خوش اور فخر محسوس کرتیں۔
خاندان کے مطابق اس اتفاق کی ایک اور دلچسپ بات بھی ہے۔ پانچ نسلوں میں بچوں کی جنس بھی ایک ہی ترتیب سے چلی آرہی ہے یعنی پہلے لڑکا پھر لڑکی، پھر لڑکا پھر لڑکی اور اس بار پھر لڑکا پیدا ہوا۔
یعنی خاندان کی پانچ نسلوں میں 14 ستمبر کو پیدا ہونے والے افراد میں لڑکا اور لڑکی ایک ترتیب سے جنم لیتے ہیں اور آخری نسل میں پھر ایک لڑکے نے جنم لیا ہے۔




















