کراچی: رکن سندھ اسمبلی عادل عسکری نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے انعقاد اور نتائج پر سوالات اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا جس میں امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں اور طلبہ کے تحفظات کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عادل عسکری نے خط میں مطالبہ کیا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں اور طلبہ کی جانب سے سامنے آنے والے تحفظات کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ، چیکنگ اور اسکیننگ کے مکمل عمل کا بھی جائزہ لیا جائے۔
رکن سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ اصل جوابی کاپیوں اور او ایم آر شیٹس کے نمونے دوبارہ آزادانہ طور پر چیک کیے جائیں۔
خط میں امیدواروں کی شکایات اور سامنے آنے والے تضادات کی شفاف تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
عادل عسکری نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے مکمل امتحانی عمل کا آڈٹ کرایا جائے اور تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جائے کہ امتحان کے دوران تمام مقررہ طریقہ کار پر عمل کیا گیا یا نہیں۔
انہوں نے مستقبل میں اہم امتحانات کے انعقاد کے لیے ایک آزاد اور پیشہ ورانہ امتحانی ادارہ قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔
عادل عسکری کے مطابق برٹش کونسل اور آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ جیسا امتحانی نظام اپنانے سے امتحانات کے عمل کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
رکن سندھ اسمبلی نے ایم ڈی کیٹ کا دوبارہ امتحان برٹش کونسل اور آغا خان بورڈ کے تحت کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔



















