Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی سنیما کے حوالے سے زارا نور عباس کا بیان وائرل

‘ناظرین کا اعتماد جیتنے کے لیے پاکستانی فلم سازوں کو معیار بہتر بنانا ہوگا’

پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے مقامی سنیما کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناظرین سے صرف پاکستانی ہونے کی بنیاد پر مقامی فلمیں دیکھنے کی توقع نہیں کی جانی چاہیے۔

سوشل میڈیا پر زارا نور عباس کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں وہ پاکستانی سنیما کے مستقبل اور مقامی فلموں کو سپورٹ کرنے کی اپیل پر اپنی رائے کا اظہار کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ’پاکستانی سنیما کو سپورٹ کریں‘ کی اپیل ایک پرانا مؤقف بن چکی ہے اس لیے ناظرین کسی پاکستانی فلم کو صرف قومی وابستگی کی بنیاد پر دیکھنے کے لیے سنیما کا رخ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی فلم میں ایسی حقیقی کشش اور معیار ہونا چاہیے جو ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرے اور انہیں ٹکٹ خریدنے پر آمادہ کرے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

زارا نور عباس نے کہا کہ فلم سازوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلسل اپنی صلاحیتوں اور کام کے معیار کو بہتر بنائیں اور ناظرین کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے خود کو بار بار ثابت کریں، خصوصاً ایسے وقت میں جب پاکستانی شائقین کو عالمی سنیما کی بڑی فلموں تک آسان رسائی حاصل ہے۔

اداکارہ نے ’اسپائیڈر مین‘ فلم سیریز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ معروف بین الاقوامی فلموں نے اپنے معیار کی بنیاد پر ناظرین کا اعتماد حاصل کیا ہے جس کے باعث شائقین کئی مرتبہ فلم کی تفصیلات جانے بغیر بھی ٹکٹ خرید لیتے ہیں۔

زارا نور عباس نے مزید کہا کہ پاکستانی فلم سازوں کو بھی اسی طرح مسلسل بہتر کام کرتے ہوئے ناظرین کا اعتماد قائم کرنے کی ضرورت ہے۔