کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیے جس کے مطابق 14 ہزار 683 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے اور 6 ہزار 310 امیدوار تمام 6 پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین فقیر محمد لاکھو کی ہدایت پر پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج جاری کیے ہیں۔
ناظم امتحانات کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ میں مجموعی طور پر 15 ہزار 44 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی تھی جن میں سے 14 ہزار 683 امیدوار سالانہ امتحانات میں شریک ہوئے۔
جاری نتائج کے مطابق 6 ہزار 310 امیدوار تمام 6 پرچوں میں کامیاب قرار پائے جب کہ 79 امیدوار 5 پرچوں میں کامیاب ہوئے۔
اسی طرح 747 امیدوار 4 پرچوں میں کامیاب قرار پائے جب کہ ایک ہزار 827 امیدوار 3 پرچوں میں کامیاب ہوئے۔
نتائج کے مطابق ایک ہزار 864 امیدوار 2 پرچوں میں کامیاب قرار پائے جب کہ ایک ہزار 783 امیدوار صرف ایک پرچے میں کامیاب ہوئے۔



















