سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 5دہشت گرد جہنم واصل کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کےدوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا، کارروائی میں ہلاک دہشت گردوں کےقبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، گورندر اورماشکیل کےعلاقوں میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ماشکیل میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور اس کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 اورعزمِ استحکام وژن کےتحت کی گئی، سیکیورٹی فورسز ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
















