ماسکو میں افغانستان سے متعلق آٹھویں ماسکو فارمیٹ مشاورت کا اجلاس ہوا جس میں افغانستان اور خطے کے ممالک نے افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی تشویش کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم کے معاون خصوصی و خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے کی۔ وفد میں روس میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی، افغانستان میں پاکستانی سفیر عبید الرحمٰن نظامانی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی، انسداد دہشت گردی، اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطہ کاری سمیت اہم امور زیر بحث آئے۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق پاکستان نے ایک بار پھر پُرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مشترکہ سلامتی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر مسلسل مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔




















