Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران پر پھر حملے کی تیاری؟ امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ آپریشن کا عندیہ

امریکی صدر کسی بھی وقت اپنا مؤقف تبدیل کر سکتے ہیں، رپورٹ

مشرق وسطیٰ میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلانے لگے، امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے امکانات پر غور شروع کر دیا ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال کسی حملے کی منظوری نہیں دی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اور تل ابیب مختصر مدت میں ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملوں کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس پیش رفت کے پیچھے اسرائیلی حکومت کی یہ تشویش بتائی جا رہی ہے کہ ایران اپنی بیلسٹک میزائل تیار کرنے کی صلاحیت تیزی سے بحال کر رہا ہے۔

رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کو یہ خدشہ بھی ہے کہ ایران اپنی فوجی اور جوہری تنصیبات کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے زیر زمین منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسی تناظر میں اسرائیلی فوج نے ایران کے ساتھ ایک اور ممکنہ تصادم کے لیے تیاری مکمل کر رکھی ہے اور کسی بھی ایرانی حملے کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت ایران کے خلاف امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی آپریشن کو ترجیح دے گی، تاہم ابھی یہ طے نہیں کہ امریکی صدر اس منصوبے کی حمایت کریں گے یا نہیں۔ ممکنہ کارروائی کے اہداف اور نوعیت بھی تاحال واضح نہیں۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایران پر کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیار تیار کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا تھا، تاہم اس دعوے کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔

امریکی میڈیا کے مطابق چین کے دورے سے واپسی پر ایک امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ ایران کے معاملے پر عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں کریں گے اور اگلے سال کے آغاز کے بعد صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکی صدر کسی بھی وقت اپنا مؤقف تبدیل کر سکتے ہیں اور اگر فوجی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تو ضروری نہیں کہ وہ پہلے سے اس کا اعلان کریں۔

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے نئے حملوں پر غور کی اطلاعات نے خطے میں ایک مرتبہ پھر بڑے فوجی تصادم کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔ تاہم تاحال کسی حملے کے حتمی منصوبے یا امریکی منظوری کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث ایران کے خلاف واشنگٹن کی آئندہ حکمت عملی غیر یقینی ہے۔