Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا کی اقتصادی محاذ آرائی فوجی کارروائیوں سے زیادہ سنگین ہے، ایرانی صدر

جب تک عوام حکومت کے ساتھ ہیں، ایران کو کسی دشمن یا خطرے سے خوف نہیں، مسعود پزشکیان

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کی اقتصادی محاذ آرائی فوجی کارروائیوں سے زیادہ سنگین ہے تاہم حکومت عوام کی مدد سے دشمن کی معاشی جنگ بھی ناکام بنائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ جب تک عوام حکومت کے ساتھ ہیں، ایران کو کسی دشمن یا خطرے سے خوف نہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن نے ایران میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی، جسے ایرانی افواج اور عوام نے ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایران پر ہر ممکن پابندیاں عائد کیں اور دباؤ ڈالا تاکہ حکومت عوام کی خدمت نہ کرسکے تاہم حکومت عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مسعود پزشکیان کے مطابق پیداوار اور روزگار کا سلسلہ جاری رکھنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اگر ملک کے تمام ادارے متحد رہیں تو دشمن ایران کو کبھی جھکا نہیں سکتا۔